ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مقتول اشرف کلائی کی یاد میں تعمیربس شیلٹر کا بورڈ افتتاح کے چند منٹوں میں ہٹایا گیا

مقتول اشرف کلائی کی یاد میں تعمیربس شیلٹر کا بورڈ افتتاح کے چند منٹوں میں ہٹایا گیا

Mon, 31 Jul 2017 12:13:32    S.O. News Service

بنٹوال 31؍جولائی (ایس او نیوز) بنٹوال تعلقہ کے کلائی نامی مقام پر جہاں ایس ڈی پی آئی کے ایک لیڈر اشرف کلائی کا دن دہاڑے قتل کیا گیاتھا وہاں عوامی سہولت کے لئے تعمیر بس شیلٹرپر اشرف کے نام کا لگا ہوا بورڈ افتتاح کے چند منٹوں میں ہی تحصیلدار کے ذریعے ہٹادیا گیا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ بس شیلٹر مقتول اشرف کی یاد میں اس کے بھائیوں نے تعمیر کیا تھااور اس پر" شہید اشرف کلائی کی یادگار "کا بورڈ آویزاں کردیا تھا۔ اتوار کے دن بس شیلٹر کا افتتاح ہونے کے چند ہی منٹوں میں پولیس بندوبست اور اپنے عملے کے ساتھ پہنچنے والے تحصیلدارپورندرا ہیگڈے نے بتایا کہ کسی نے ڈسٹرکٹ ڈپٹی کمشنر سے اس بات کی شکایت کی ہے کہ یہ بس شیلٹر پنچایت دفتر سے ضروری اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیاہے۔ اور اس پس منظر میں ڈی سی نے اس شیلٹر کو منہدم کرنے کے احکامات دئے ہیں۔

اس موقع پر اشرف کلائی کے بھائیوں نے بتایا کہ پنچایت والوں کو زبانی طور پر اطلاع دی گئی ہے اور باقاعدہ اجازت وہ پیر کے دن حاصل کرلیں گے ، اس لئے شیلٹر کومنہدم نہ کیا جائے۔ مگرتحصیلدارکی طرف سے ان کی بات نہ مانتے ہوئے انہدام اور ڈی سی کا حکم بجا لانے کی بات پرہی اصرار کیا جانے لگا۔ تب تک گاؤں کے لوگ بلاتفریق مذہب و فرقہ وہاں جمع ہوگئے اور بس شیلٹر عوام کی ضرورت بتاتے ہوئے اس پر کسی کا اعتراض نہ ہونے کی بات بھی افسران کے سامنے رکھی۔ اس کے باوجود تحصیلدار پورندرا ہیگڈے کسی کی بات سننے کے لئے راضی نہیں ہوئے تو موقع پر موجوداسسٹنٹ کمشنرآف پولیس ڈاکٹر ارون کے، سب انسپکٹر امیش وغیرہ نے مشورہ دیا کہ شیلٹر کو منہدم کرنے کے بجائے اشرف کلائی کی یادگار والا بورڈ فی الحال ہٹا دیا جائے اور پنچایت کی اجازت حاصل کرنے کے بعد اسے آویزاں کیا جائے۔ حالات کو پرامن رکھنے کے لئے اس فارمولے پر عمل کیا گیا اور بس شیلٹر پر سے مذکورہ بورڈ ہٹادیا گیا۔

مجمع میں موجود ایک مقامی لیڈر جناردھن نے بتایا کہ گاؤں والوں کے لئے اشرف کلائی کی سماجی خدمات کے اعتراف میں یہ بس شیلٹر بنایاگیا ہے۔ اس سے ہمیں کسی قسم کی کوئی تکلیف یا اعتراض نہیں ہے۔گرام پنچایت کے سابق صدر چندراشیکھر بھنڈاری نے بس شیلٹر ہٹانے کی کارروائی پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے کہا کہ اشرف کی یادگار کے طور پر بس شیلٹر تعمیر کرنے میں اشتعال انگیزی والی کوئی بات ہے ہی نہیں، اس لئے میں اپنے طور پر پوری کوشش کروں گا کہ اسی مقام پر یہ بس شیلٹر قائم رہے۔


Share: